کراچی: پاکستانیوں کے بری خبر۔۔۔۔ کراچی میں 22 سالہ نوجوان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے جو پاکستان میں اس خطرناک وائرس سے متاثرہ پہلا مریض ہے۔
وزیرصحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے کراچی میں نوجوان کے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 22 سالہ نوجوان ایران سے 20 فروری کو ہوائی جہاز کے ذریعے پاکستان آیا تھا،علامات ظاہر ہونے پر نوجوان اور ان کے اہل خانہ ہسپتال میں ہی قرنطینہ میں منتقل کر دیئے گئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق 22 سالہ متاثرہ شہری اور ان کے اہل خانہ کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور ان کے ساتھ سفر کرنے والے تمام افراد کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ سفر کے دوران وائرس کسی اور مسافر کو منتقل نہ ہوا ہو۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کو مطلع کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کیسز کا کلینیکل اسٹینڈرڈ پروٹوکولزکے مطابق خیال رکھا جارہا ہے اور دونوں افراد کی حالت مستحکم ہے۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے تفتان سے واپس آکر جمعرات کو پریس کانفرنس کرنے کا بھی اعلان کیا۔
خیال رہے کہ چین کے علاوہ پاکستان کے تینوں ہمسایہ ملک ایران، افغانستان اور بھارت میں پہلے ہی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے تھے۔چین میں کرونا وائرس سے مزید 52 افراد کی ہلاکت کے بعد اس مہلک مرض سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 715 تک پہنچ گئی ہے۔
جنوبی کوریا میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 11 تک پہنچ چکی ہے جب کہ 1 ہزار 146 افراد اس خطرناک وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ خبریں ہیں کہ جنوبی کوریا میں امریکی فوجی میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
دوسری جانب ایران میں بھی 15 افراد کورونا وائرس کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ 100 کے قریب افراد متاثر ہیں۔ ایران کے نائب وزیرصحت اریج ہریرچی بھی کرونا کا شکار ہو گئے۔ یورپی ملک اٹلی میں کورونا کے باعث 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 300 کے قریب افراد کرونا کا شکار ہیں۔
Comments are closed.