سازشوں سے باخبر اور دفاع کیلئے تیارہیں، ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: مسلح افواج کے ترجمان میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ خطے میں جنگ چھڑی تو اس کے خطرناک نتائج اور ناقابل تلافی نقصان ہوں گے، ہم اپنے دشمن کی ہر خفیہ سازش سے باخبر ہیں، ہماری مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہر میدان میں ہمہ وقت تیار ہیں، ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل جنرل بابر افتخار نے راولپنڈی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا عوام اور پاک فوج نے ہر مشکل کا بہادری سے مقابلہ کیا، بھارت نے بغیر کسی ثبوت پاکستان پر الزامات لگائے، لیکن پاکستان نے ذمہ دارملک کے طور پرہر قسم کی تحقیقات کی پیشکش کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا تھا پاکستان کو سرپرائز دینے والا دشمن خود ناکام ہو کر واپس لوٹ گیا، بھارت نے بوکھلاہٹ میں اپنا ہیلی کاپٹر بھی مار گرایا۔ سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ شہدا کے ورثا کو سلام پیش کرتے ہیں، تمام غازیوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج کا دن یوم تشکر کے ساتھ ساتھ یوم عزم بھی ہے، بھارتی بیانات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں، بھارت کی دفاعی تیاریوں پر نظر ہے۔ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے کسی بھی جارحیت پر بھرپور جواب دیں گے۔

لائن آف کنٹرول پر بھارتی شرانگیزیوں سے متعلق میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ایل او سی پر بھارت کی اشتعال انگیزیوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، بھارتی فوج جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سکول جانے والے معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے، پاک فوج اپنے ہدف جب کہ بھارت شہریوں کو نشانہ بناتا ہے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کو نقصان اٹھانا پڑا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد کو 3 سال مکمل ہوچکے، اس کامیابی کی بڑی قیمت ادا کی دہشت گردوں سے 46 ہزار کلومیٹر علاقہ کلیئر کرایا گیا، 20 سال سے قوم اور افواج پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد آپریشنز ہوئے، 17 ہزار دہشتگرد ان آپریشنز میں مارے گئے، ایک ہزار سے زائد القاعدہ کے دہشتگرد پکڑے اور مارے گئے۔

مسئلہ کشمیر پر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کے حالات سے پوری دنیا واقف ہے، حکومت نے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کیا، مسئلہ کشمیر کو اب فلیش پوائنٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف قدم بڑھ رہے ہیں، عالمی سربراہان نے کشمیر کے معاملے پر برملا اظہار کیا، کشمیر کا حل ہماری قومی سلامتی کا ضامن ہے، تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہمسایہ ملک میں اقلیتیں اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں، اپنے جھنڈے کے سفید رنگ کو نہایت احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا امریکا طالبان مذاکرات میں تعطل کی کوئی خبر نہیں، پاکستان سے زیادہ افغان امن کا خواہاں اور کوئی نہیں ہوگا، امریکا طالبان مذاکرات کے اچھے نتائج نکلیں گے۔

قبل ازیں مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے  سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کا “سرپرائز ڈے” کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹ کیا ہے۔  اپنے بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ 27 فروری بھارتی جارحیت کے خلاف عزم کا دن ہے۔یادگار دن دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی واضح مثال ہے۔

مسلح افواج کے ترجمان نے مزید کہا کہ دشمن جان لے ہمارے جوان کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف ہمہ وقت تیار ہیں، دشمن کی ہر مہم جوئی کا جواب 27 فروری کی طرح بہادری اور جرات  کے ساتھ دیا جائے گا۔

Comments are closed.