کراچی عمارت گرنے کے واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی

کراچی: شہرقائدکے علاقے گولیمار میں 4 روز قبل گرنے والی عمارتوں کے ملبے سے مزید لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے بعد سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔

کراچی کے علاقے گولیمار نمبر2 میں  چار روز قبل منہدم ہونے والی 3 رہائشی عمارتوں کے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ملبے میں دبے افراد کی زندگی کے حوالے سے خدشات بڑھنے لگے ہیں۔

ملبے سے مزید 7 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جن میں سے 4 کی شناخت سہیل، سفیان شیخ، زبیدہ، ڈاکٹرغزالہ زوجہ راشد, خیرالنسا اور عشرت بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو حکام نے ملبے سے اب تک 26 افراد کی لاشیں نکالی ہیں، نوجوان سفیان کی تدفین حیدرآباد کی جائے گی جب کہ 7 افراد کو شکار پور میں سُپردِ خاک کیا جائے گا۔

ریسکیوحکام کا کہنا ہےکہ گرنے والی عمارت 6 منزلہ تھی،اس کا پانی کا ٹینک بہت بڑا تھا،گرنے والی عمارت نےمزید 2 عمارتوں کو متاثرکیا تھا،پانی کا ٹینک برابر والی عمارتوں پر گرسکتا تھا،جس سے نقصان میں مزید اضافے کا خدشہ تھا۔ اس لئے ٹینک کو بہت احتیاط سے توڑا گیا۔سفیان کی موجودگی کی جہاں نشاندہی کی گئی وہ جگہ ہر طرف سے دبی ہوئی تھی، سفیان کے والد نے ریسکیو کارروائی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اس کے علاوہ گراؤنڈ فلور پر قائم کلینک سے بھی ایک لاش نکالی جاچکی ہے۔ ریسکیو کاموں کے دوران متاثرین کی ملنے والی نقد رقم، پرائز بانڈز اور دیگر قیمتی سامان ان کے مالکان کو لوٹا دیا گیا ہے۔ آج رات تک دبے افراد کو نکالنے کا آپریشن مکمل کر لیا جائے گا۔

Comments are closed.