دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے پاکستان کو آٹا، چینی بحران کا سامنا ہے، شیخ رشید

راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ دنیا کورونا وائرس سے لڑ رہی ہے جب کہ پاکستان کو آٹا،چینی بحران کا سامنا ہے،کوروناوائرس کے بعد نیا ورلڈ آرڈر آسکتا ہے۔

چین کی جانب سے فراہم کردہ کورونا حفاظتی کٹس راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچنے کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید نے خود کار سینٹائزر گیٹ کا افتتاح کیا، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے ملکی سیاست اور چینی، گندم بحران سے متعلق رپورٹ پر کھل کر بات کی کہا 25 اپریل کو فرانزک رپورٹ آئے گی۔ جو پکڑا گیا اسے سزا دلوائی جائے گی۔

دنیا میں کورونا وائرس چل رہا ہے اور یہاں آٹا چینی بحران، کپتان نے اپنی فیلڈنگ بدلی ہے۔۔رمضان کے بعد سیاست میں چہل پہل ہوگی،جب بھی بزنس مین سیاست میں آئے گا، مافیا مضبوط ہوگا، گروپنگ نہیں ہے عمران خان فیصلے اپنی چھاتی سے لگا کر رکھتے ہیں، تمام تر معاملے میں اسد عمر کا کوئی کردار نہیں۔

وزیرریلوے نے کورونا وائرس سے بچائو کےلیے کیے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کہیں تو ٹرینیں 24 گھنٹے میں چلا سکتے ہیں۔ چالیس ٹرینیں تیار ہیں، ہمارے پاس ٹرینوں میں سہولیات ہیں، تفتان میں فیلڈ اسپتال بنا سکتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں مزید شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے بعد نیا ورلڈ آرڈر آسکتا ہے، انہوں نے نائن الیون کے وقت ایسا ماحول نہیں دیکھا جیسا اب ہے۔

Comments are closed.