کرنٹ افیئرز پروگرام بے نتیجہ ہیں،تکبر آنے پر اینکرز کا زوال شروع ہوجاتا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کا پیسہ بنانے والے آزاد میڈیا سے خوف کھاتے ہیں،جس اینکر میں تکبر آجائے اس کا زوال شروع ہوجاتا ہے،کرنٹ افیئرز کے پروگرامز کا کوئی نتیجہ نہیں نکلتا۔

وزیراعظم عمران خان سے ملک میں ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک صحافیوں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں مصنوعی ذہانت کا نظام (آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم) لانے پر کام ہو رہا ہے جس سے کورونا کے مریضوں اور جگہوں کی نشاندہی کی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کے معاملے پر پاکستان کی کسی طرح کی کوئی امداد نہیں ملی، تاہم بین الاقوامی مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے قرض کی ادائیگی میں ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء میں ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے الگ الگ مسائل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کب ختم ہو گا، کوئی بھی اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ اس حوالے سے فی الحال کوئی بھی پیشگوئی کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ ملک میں کورونا کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کو بتدریج کھول رہے ہیں تاہم اس میں وقت لگے گا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں 75 فیصد دیہاڑی دار مزدور کہیں رجسٹرڈ ہی نہیں، اس دیہاڑی دار طبقے کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے حق میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کے باعث بیرون ملک پاکستانیوں سے ترسیلات زر آنا بند ہو چکی ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ کرپشن کا پیسہ بنانے والے آزاد میڈیا سے خوف کھاتے ہیں، جس اینکر میں تکبر آجائے اس کا زوال شروع ہوجاتا ہے۔ کرنٹ افیئرز کے پروگرامز کا کوئی نتیجہ نہیں نکلتا۔ کوئی کتنا بھی جھوٹ بولے، بالآخر عوام سچ ڈھونڈ لیں گے۔

Comments are closed.