اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بے قابو ہونے لگی، مہلک وباء کے باعث ایک دن میں 29 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ ساڑھے پانچ سو سے زائد نئے کیسز کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 14680 تک پہنچ گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں 335، پنجاب میں 204، اسلام آباد میں16، گلگت میں 2 کیسز آئے، تیزی سے پھیل رہا ہے اور آج بھی مزید کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 14 ہزار 680 جبکہ اموات 322 ہوگئی ہیں، تاہم مزید 204 افراد نے اس بیماری کو شکست دے دی جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 3ہزار 233 ہوگئی۔
ملک میں آج بھی نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں، سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 335 کیسز اور 7 اموات کی تصدیق کردی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 335 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 5291 ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد سندھ میں اموات کی تعداد 92 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 204 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ خطرناک وائرس صوبے میں مزید 11 زندگیاں نگل گیا جس کے بعد مجموعی اموات 95 ہوگئی ہیں۔صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان کا کہناہے کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد تعداد 5730 ہوگئی ہے۔جن میں سے 768 زائرین سینٹرز، 1925 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدی اور 2951 عام شہری ہیں۔
اسلام آباد میں مزید 16 افراد اس عالمی وبا کا شکار ہوئے جبکہ کورونا کا ایک مریض زندگی کی بازی ہار گیا، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 245 سے بڑھ کر 261 تک پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس سے مزید 2 افراد متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 318 سے بڑھ کر 320 ہوگئی ہے۔
ادھر محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں کورونا کے مزید 176 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 2160 ہوگئی۔ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 10 افراد زندگی کی بازی ہار گئے نئی اموات کے بعد خیبرپختونخوا میں جاں بحق مریضوں کی تعداد 114 تک پہنچ گئی ہے۔
عالمی وباء کی صوبوں کے لحاظ سے صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو پنجاب کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اس وقت مریضوں کی مجموعی تعداد 5ہزار 526ہے جبکہ سندھ میں 4ہزار 956 لوگ وائرس کا شکار بن چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں متاثرہ افراد کی تعداد 2160 جبکہ بلوچستان میں 853 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں 320، اسلام آباد میں 265 جب کہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 65 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
Comments are closed.