اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے اور رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم دیا ہے۔ حکومت ماضی میں ہونے والے طیاروں کے حادثات کی رپورٹ بھی سامنے لائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں کراچی طیارہ حادثہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ عید کے موقع پر یہ حادثہ قوم کے لئے ایک بڑا سانحہ ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں، افسوس ناک واقعے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے، انکوائری رپورٹ میں تمام حقائق اور تفصیلات سے عوام کو مکمل طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے سول ایوی ایشن حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ہونے والے کسی طیارہ حادثہ تحقیقاتی رپورٹ سامنے نہیں لائی گئی، جن کے پیارے جاں بحق ہوئے ان کو وجوہات جاننے کا حق ہے،پی ٹی آئی حکومت شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مسافر طیاروں کو پیش آنے والے حادثات کو کئی سال گزر گئے مگر تحقیقاتی رپورٹس سامنے نہیں آئیں، تمام فضائی حادثات کی تحقیقاتی رپورٹس کو منظر عام پر لایا جائے، تا کہ آئندہ کے لیے موثر اقدامات ہو سکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے فضائی سفر سے متعلق عوامل میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے اور جنید جمشید طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ بھی جلد سامنے لانے کی ہدایت کی۔ جس پر سول ایوی ایشن حکام نے حویلیاں طیارہ حادثہ کی رپورٹ جولائی تک عوام کے سامنے لانے کی یقین دہانی کرائی۔
Comments are closed.