اسرائیل اور لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے ایک روز بعد ہی فریقین ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کی فضائیہ نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے راکٹ زخیرہ کرنے کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ سرحدی علاقے کی جانب آنے والی مشکوک گاڑیوں پر بھی فائرنگ کی گئی ہے۔ بیان کے مطابق سرحدی علاقوں میں گاڑیوں کا آنا جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک سال سے زائد عرصے سے جاری لڑائی کے بعد امریکہ اور فرانس کے تعاون سے فریقین کے درمیان منگل کو جنگ بندی معاہدہ ہوا تھا جس پر بدھ کی علی الصباح سے عمل درآمد شروع ہوا۔
حزب اللہ کے قانون ساز حسن فدااللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل سرحدی علاقوں میں واپس آنے والوں پر حملے کر رہا ہے اور یہ اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی آج کی جانے والی خلاف ورزی ہے۔
لبنان کی فوج نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل نےمتعدد بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
دونوں جانب سے ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات کے بعد سیز فائر کے مستقبل پر سوال اٹھ رہے ہیں۔
Comments are closed.