لاہور، گوجرانوالہ، چکوال میں بھارتی ڈرون حملوں کی کوششیں ناکام، سکیورٹی اداروں کا بروقت ایکشن

لاہور: پولیس اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندرونی علاقوں میں ڈرون حملوں کی مذموم کوششیں جاری ہیں۔ لاہور کے والٹن علاقے میں ایک حساس سکیورٹی ادارے کے دفتر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جسے سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق ڈرون تقریباً 5 سے 6 فٹ کا تھا اور اسے سرحد پار سے ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے ڈرون کا نظام جام (jam) کرتے ہوئے اسے زمین بوس کر دیا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔

دوسری جانب گوجرانوالہ کے قریب بھی بھارتی ڈرون کی دراندازی ناکام بنائی گئی۔ ڈرون کو مار گرایا گیا، جس کا ملبہ ضلع گجرات کے گاؤں جھنڈ پیر سے برآمد ہوا ہے۔ سکیورٹی اداروں نے ڈرون کا مکمل تکنیکی تجزیہ شروع کر دیا ہے۔

چکوال میں بھی تھانہ ڈھمن کی حدود میں دیوالیاں کے قریب ایک اور بھارتی ڈرون گرایا گیا۔ پولیس کے مطابق ڈرون کے گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور اس کا ملبہ تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام کارروائیاں پاکستان کے خلاف بھارت کی ہائبرڈ جنگ کا حصہ ہیں، جن کا مقصد حساس مقامات پر حملہ آور ہو کر عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ پاکستان کے سکیورٹی ادارے پوری طرح چوکنا ہیں اور ہر طرح کی دراندازی کا فوری اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.