واشنگٹن — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کو اچھی طرح جانتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ تنازع جلد ختم ہو۔
صدر ٹرمپ نے کہا، “اگر میں کسی طرح مدد کر سکتا ہوں تو میں حاضر ہوں۔ پاکستان اور بھارت دونوں سے میرے اچھے تعلقات ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ ان کے درمیان معاملات سنبھل جائیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملک ایک دوسرے کو جواب دے چکے ہیں، اب وقت ہے کہ یہ معاملہ رکے اور امن کی جانب بڑھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں، اس لیے عالمی برادری کو سنجیدگی سے اس معاملے کو دیکھنا ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے اس سے قبل پاکستان پر بھارتی حملے کو “شرمناک” اقدام قرار دیا تھا اور اسے بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں پر حملے کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔
ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جنوبی ایشیا میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے، اور عالمی برادری ممکنہ جنگ کے خطرے کے پیش نظر شدید تشویش کا شکار ہے۔
Comments are closed.