فینٹاسٹک ٹی تیار ہے، دشمن کو چائے ہوم ڈیلیوری کے ذریعے واپس بھیجی جائے گی : عطاء تارڑ
اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس وقت متحد ہے اور دشمن کے حملے کا بھرپور جواب دیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں بزدل دشمن نے حملہ کیا، جس میں بھارت کے جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل تھے، لیکن پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی جدید ٹیکنالوجی پر ناز تھا، لیکن اسے پاکستان کے شاہینوں نے عبرتناک انجام سے دوچار کیا۔ دشمن کا غرور خاک میں ملا اور اب وہ اپنے طیاروں کا ملبہ دنیا سے چھپانے کی کوشش کر رہا ہے، مگر عالمی میڈیا نے رافیل کا ملبہ دکھانا شروع کر دیا ہے۔
عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شاہینوں کو اس ایوان سے سلیوٹ پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ 2019 کی طرح اب بھی دشمن کو چائے ہوم ڈیلیوری کے ذریعے بھیجی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اب ڈرونز کے ذریعے حملے کر رہا ہے، جن میں اسرائیلی ہیروپ ڈرونز بھی شامل ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت نے 25 ڈرون بھیجے، جن میں سے متعدد کو ایئر ڈیفنس سسٹم سے اور کئی کو جام کر کے گرایا گیا۔ وزیر اطلاعات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارت کا سفید جھنڈا لہرانا پاکستان کی فتح کی نشانی ہے۔ دشمن کے بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کو تباہ کیا گیا اور 40 سے 50 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی سکیورٹی محفوظ ہاتھوں میں ہے، اور جواب ضرور آئے گا، بھرپور آئے گا۔ کب اور کیسے آئے گا، اس کا فیصلہ پاک فوج کرے گی، لیکن یہ جواب منہ توڑ ہو گا اور دشمن کی نیندیں اڑا دے گا۔
Comments are closed.