جواب آئے گا، زوردار آئے گا:ڈی جی آئی ایس پی آر کا انتباہ

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے 7 اور 8 مئی کی درمیانی رات ایک بار پھر پاکستان کی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے 12 ہیروپ ڈرونز پاکستان میں بھیجے گئے، جنہیں پاک فوج کے مستعد اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کر دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈرونز لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب گرائے گئے۔ لاہور کے قریب ہونے والے ایک ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے، جبکہ سندھ کے علاقے میانو میں ایک شہری شہید ہو گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ تباہ ہونے والے تمام ڈرونز کا ملبہ متعلقہ علاقوں میں موجود ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ڈرون حملے کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو رات کے اندھیرے میں ہی منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی رات کے وقت کی جارحیت سنگین ہے، لیکن ہم ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ بھارت نہ صرف پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کر رہا ہے بلکہ خطے اور دنیا کے امن کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلے بھی ہزیمت اٹھائی ہے اور اس کے پانچ طیارے گرائے جا چکے ہیں۔ ایل او سی پر بھی دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس ہیں اور ہر لمحہ دشمن کی حرکتوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بھارت کو کسی خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہیے، ہم جنونیت دکھانے والوں کو سبق سکھانے کا مکمل عزم اور صلاحیت رکھتے ہیں۔

Comments are closed.