بلوچ جانتے ہیں لاپتا افراد کا مسئلہ اگر کوئی حل کرسکتا ہے تو وہ میں ہوں۔بلاول

خضدار میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ میرے سوائے کوئی وفاقی سیاست دان ایسا نہیں جو بلوچستان کے دکھ درد کو سمجھتا ہو، عوام جانتے ہیں لاپتا افراد کا مسئلہ اگر کوئی حل کرسکتا ہے تو وہ میں ہوں، عوام جانتے ہیں کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو جھکتی نہیں ہے، ہم تمام قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں مگر عوام کے حقوق پر سودا نہیں کرسکتے۔

انہوں ںے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ پی پی وہ واحد جماعت ہے جو بلوچستان کو اس کا حق دلاسکتی ہے، آصف زرداری کی بطور صدر اٹھارہویں ترمیم پر مکمل عمل درآمد ہوتا، این ایف سی پر مکمل ہوتا تو آج بلوچستان میں سازشیں دم توڑ چکی ہوتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ یہ تو بچہ ہے خوف زدہ ہوکر پیچھے ہٹ جائے گا یہ ان کی بھول ہے، سازشی ٹولے نے اور دہشت گردوں نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر کتنے حملے کیے، مستونگ، تربت، بولان اور خضدار میں حملے ہوئے ان کا خیال تھا جیالے گھبرا جائیں گے مگر ایسا نہیں ہوا، پی پی شہیدوں کی، غیرت مندوں کی جماعت ہے جو کسی دہشت گرد کے سامنے جھک نہیں سکتی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ آٹھ فروری کو بلوچستان بھر میں تیروں کی بارش ہوگی، اگر میں پارلیمان میں پہنچ گیا تو عوام کو معلوم ہے کہ میں ان کی آواز بن کر اٹھوں گا، اگر میں وزیر خارجہ بنا تو دنیا بھر میں بلوچستان کی نمائندگی کروں گا۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.