سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ جن غیر ملکیوں کے پاس وزٹ ویزا ہے، انہیں حج سیزن کے دوران مکہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سعودی وزارت داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ وزٹ ویزا کی سہولت میں حج کی اجازت شامل نہیں ہے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے آئندہ حج سیزن کے پیش نظر جمعرات 23 مئی سے 21 جون 2024 تک، جن افراد کے پاس بھی کسی بھی قسم کا سعودی وزٹ ویزا ہے، ان کے مکہ میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت داخلہ نے اس اعلان کے ساتھ ہی اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ وزٹ ویزوں کے تحت حج ادا کرنے کی اجازت شامل نہیں ہوتی ہے۔
اس حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزٹ ویزے پر سعودی عرب میں موجود زائرین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مذکورہ مدت کے دوران مکہ کا سفر کرنے سے گریز کریں تاکہ مملکت سعودی عرب کے اصول و ضوابط کے تحت جرمانے سے بچ سکیں۔
بیان میں اس بات کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ یہ اقدامات حفاظتی اور تنظیمی تیاریوں کا حصہ ہیں، جن کا مقصد قانونی حجاج کرام کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض بغیر کسی رکاوٹ کے ادا کر سکیں۔
اس سے قبل سعودی عرب کی فتویٰ کونسل نے بھی حجاج کرام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بغیر اجازت حج کرنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے تحت سعودی باشندوں کو بھی چار مئی کے بعد سے مکہ میں داخل ہونے کے لیے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا۔
Comments are closed.