سینیٹ الیکشن قبل از وقت کرانے کا اعلان بتا رہاہےوزیر اعظم گھبرا گئے،بلاول بھٹو

چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ حکومت گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سینیٹ الیکشن قبل ازوقت کرانے کا اعلان کرنا گھبراہٹ کا پتہ دیتا ہے، حکومت جانتی ہے کہ انہیں سینیٹ میں اکثریت نہیں مل سکتی اور ان ارکان اسمبلی بھی ساتھ نہیں ہیں۔ اس لیے حکومت کی کوشش ہے کہ سینٹ الیکشن دھاندلی سے جیت لیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی قربانی دینا پڑے تو تیار ہیں۔ مجھ سمیت ہم سب نے استعفے جمع کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے، 31 دسمبر تک قیادت کے پاس استعفے جمع کروادیں گے۔ عمران خان 31 جنوری تک مستعفی ہوجائیں ورنہ دمادم مست قلندر ہوگا، لانگ مارچ اور استعفوں کے ایٹم بم استعمال کرنے کیلئے حکمت عملی اپنائیں گے۔

چیئرمین پی پی پی کاکہناتھا کہ تاریخ میں ایسا ہوا ہے حکومت کے خلاف احتجاج کا تیسری قوت فائدہ اٹھاتی ہے، ہمیں اس کا ادراک ہے، ہم ملک کو اور اپنے اداروں کو بچانا چاہتے ہیں، جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔ہم حکومت کو وارننگ اور موقع دے رہے ہیں، بات کرنے کا وقت گزر چکا ہے، عمران خان چلے جائیں اور اپنا عہدہ چھوڑیں تو جمہوری قوتیں آپس میں بات کرسکتی ہیں لیکن کٹھ پتلی نظام میں بات چیت کی کوئی گنجائش نہیں۔

Comments are closed.