بلاول بھٹو کا دورہ امریکہ۔۔ سفارتی حکام لاعلم، دفتر خارجہ موقف دینے سے گریزاں

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری ‘نجی’ دورے پر امریکا پہنچ گئے ہیں، جہاں پر وہ مختلف امریکی تھنک ٹینکس کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نجی دورے پر امریکا پہنچ گئے ہیں، جہاں پر مختلف امریکی تھنک ٹینکس کے ساتھ ان کی ملاقاتیں شیڈول ہیں، ان ملاقاتوں میں پاک امریکا دوطرفہ اور علاقائی امور پر بات چیت ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری امریکی سیاستدانوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیرمملکت برائے خارجہ  امور حنا ربانی کھر بھی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ہوں گی۔

نیوز ڈپلومیسی کی جانب سے رابطے پر امریکا میں بعض پاکستانی سفارتی حکام کی جانب سے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا جب کہ ترجمان دفتر خارجہ سمیت بعض  سفارتی حکام وزیرخارجہ کی امریکا میں مصروفیات کے حوالے سے موقف دینے سے گریزاں ہیں، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کا عملہ  جمعہ کو لاس اینجلس جائے گا جہاں پر وزیرخارجہ کی اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

واضح رہے کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری عید سے قبل دبئی روانہ ہوئے تھے اور عیدالاضحیٰ دبئی میں گزارنے کے بعد وہ جاپان گئے، دورہ جاپان کے دوران ان کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ تھی، وزیرخارجہ نے پاک جاپان تجارت کے فروغ کے حوالے سے جاپانی قیادت سے ملاقاتیں کیں، اب  وزیرخارجہ جاپان سے براہ راستہ امریکا پہنچ گئے ہیں جب کہ آصفہ بھٹو زرداری وطن  واپس چلی گئی ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں موجودہ حکمران اتحاد کی دونوں بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت مختلف ممالک کے غیر متوقع دوروں میں مصروف ہیں، مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف دبئی کے بعد سعودی عرب جب کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دبئی کے بعد جاپان اور اب ‘نجی’ دورے پر امریکا پہنچے۔ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان دوروں کا تعلق پاکستان کے آئندہ عام انتخابات سے ہو سکتا ہے۔

Comments are closed.