جنگ بندی مذاکرات: سی آئی اے حکام سے ملاقات کے لیےحماس کا وفد قاہرہ پہنچ گیا

فلسطینی تنظیم حماس کا ایک وفد غزہ جنگ بندی مذاکرات کے لیے ہفتے کو مصر کے شہر قاہرہ پہنچ رہا ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ حماس کا وفد سی آئی اے حکام اور مصری مذاکرات کاروں کے ساتھ ملاقات کرے گا۔

حماس کا کہنا ہے کہ اس کا وفد جنگ بندی کے نئے معاہدے کی تفصیلات جاننے کے بعد قاہرہ کا دورہ مثبت سوچ کے ساتھ کر رہا ہے۔

گروپ نے ایک بیان میں کہا کہ "ہم ایسے معاہدے کو حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں جس سے فلسطینی مطالبات پورے ہوں۔”

واضح رہے کہ حماس کا مطالبہ ہے کہ غزہ جنگ فوری ختم کی جائے اور اسرائیلی فورسز غزہ سے نکل جائیں جب کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو بارہا کہہ چکے ہیں کہ حماس کے خاتمے تک جنگ نہیں روکی جائے گی۔

ایک امریکی عہدیدار نے ‘رائٹرز’ کو بتایا کہ امریکہ سمجھتا ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے لیکن اس بارے میں مزید انتظار باقی ہے۔

سی آئی اے نے اس خبر پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے کہ اس کا کوئی آفیشل حماس سے مذاکرات کے لیے قاہرہ میں موجود ہے۔

واضح رہے کہ جنگ بندی کے لیے مذاکرات گزشتہ چند مہینوں سے جاری ہیں لیکن ابھی تک کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو سکی۔ البتہ مصر، قطر اور امریکہ فریقین کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.