ہواؤں کا رخ تبدیل۔۔۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی نیب کے ریڈار پر آ گئے

ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے لگا ، قومی احتساب بیورو نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو شراب کے غیر قانونی لائسنس اجراء پر طلب کر لیا۔

نیب لاہور کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو 12 اگست کو طلب کیا گیا ہے، نیب کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سردار عثمان بزدار نے ایک نجی ہوٹل کو شراب کا لائسنس جاری کروانے کے لئے اپنے اختیارات اور اثر و رسوخ کا ناجائز استعمال کیا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ہوٹل کو شراب کا غیر قانونی لائسنس دلوانے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے قریبی رشتہ دار نے مالی فائدہ حاصل کیا، ڈی جی ایکسائز کو قواعد و ضوابط کو نظر انداز کر کے ہوٹل کے لئے شراب کا لائسنس جاری کرنے کا کہا گیا۔

ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل، سیکرٹری ٹو سی ایم کو بھی 11 اگست کو طلب کر لیا گیا، نیب لاہور نے چیف سیکرٹری اور ہوم سیکرٹری،سیکرٹری ایکسائز سے جواب مانگا تھا۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو بھی اراضی کی خرید و فروخت سے متعلق کیس میں 11 اگست کو نیب لاہور نے طلب کر لیا ہے۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز پر لاہور میں انتہائی مہنگی اراضی کم قیمت پر خریدنے اور بعد میں مہنگے داموں بیچنے کا الزام ہے، قومی احتساب بیورو نے مریم نواز اور ایل ڈی اے کے تین افسران کی طلبی کے لئے نوٹسز بھجوا دیئے ہیں۔

Comments are closed.