عالمی عدالتِ انصاف کے فیصلے کے بعد بھی اسرائیل کی غزہ میں کارروائیاں جاری ہیں اور تازہ حملوں میں مزید 30 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جبالیہ میں جنگجوؤں سے لڑائی اور فضائی حملوں کے دوران درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے جمعے کو رفح کے مخصوص علاقوں میں کارروائیاں کی ہیں جس کے دوران دہشت گروں کی ہلاکت اور حماس کے زیرِ استعمال سرنگوں کے خاتمے کے ساتھ ہتھیاروں کا ذخیرہ برآمد کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے کارروائیاں ایسے موقع پر کی ہیں جب گزشتہ روز ہی عالمی عدالتِ انصاف نے اسے رفح میں فوری طور پر کارروائیاں روکنے اور امداد کے لیے سرحد کھولنے کا حکم دیا تھا۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ رفح میں حماس کے ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے جب کہ بعض یرغمالی رفح میں ہی موجود ہیں۔
فسلطینی میڈیکل ورکرز کے مطابق رفح میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 17 افراد مارے گئے ہیں جب کہ مقامی میڈیکل حکام نے بتایا ہے کہ غزہ میں ایک روز کے دوران اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
Comments are closed.