حزب اللہ کا اسرائیل کے شمالی علاقوں میں فوجی ٹھکانوں پر حملے کا دعوی

لبنانی تنظیم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اس کے دو ارکان سمیت تین افراد کی ہلاکت کے بعد شمالی اسرائیل میں ڈرونز اور گائیڈڈ میزائل داغے گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق ہفتے کو حزب اللہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے المنارا ملٹری کمانڈ کے ہیڈکوارٹرز اور گولانی بریگیڈ کو نشانہ بنایا ہے۔

دوسری طرف اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے آئرن ڈوم دفاعی نظام نے کامیابی سے مشتبہ فضائی حملے کو ناکام کیا جو کہ لبنان سے شمالی اسرائیل میں منارا کے علاقے میں کیا گیا۔

اسرائیلی فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے لبنان سے منارا کے سرحدی علاقے میں داغے گئے کئی اینٹی ٹینک میزائلوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی نے بعد ازاں رپورٹ کیا کہ صربین گاؤں میں کیے جانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

اسرائیلی فوج کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ اس سے قبل اسرائیلی جنگی جہازوں نے جنوبی لبنان کے علاقے قوزح میں عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جب سے جنگ شروع ہوئی ہے، لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر لگ بھگ روزانہ ہی فائرنگ کا تبادلہ دیکھا جا رہا ہے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.