امریکی ریاست وسکونسن میں 15 سالہ طالبہ کی اسکول میں فائرنگ ، ٹیچر سمیت 2 افراد ہلاک

امریکہ کی ریاست وسکانسن کے ایک اسکول میں طالبہ کی فائرنگ سے ایک ٹیچر سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 15 سالہ طالبہ نے پستول سے فائرنگ کی جس سے دو افراد کی موت ہوئی جن کی بعد میں ایک اسکول کی استاد اور ایک طالب علم کے طور پر شناخت ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق پستول کی ایک گولی طالبہ کو بھی لگی جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔ فائرنگ کے اس واقعے میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق میڈیسن شہر میں ایک چھوٹے سے اسکول میں فائرنگ کے واقعے پر پولیس چیف شون بارنس نے بتایا کہ واقعے میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ چھ زخمی ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں ایک ٹیچر اور پانچ طلبہ شامل ہیں۔

فائرنگ کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میڈیسن کے ’ابنڈنٹ لائف کرسچن اسکول‘ میں صبح 11 بجے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ اسکول کے ایک طالب علم نے ہی 911 پر کال کر کے پولیس کو مطلع کیا۔

Comments are closed.