بھارت کا پاکستان پر بے بنیاد الزام، حملے کی سنسنی خیزی جھوٹ پر مبنی ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی سے خصوصی گفتگو میں بھارت کے حالیہ الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر حملے کا بھارتی بیانیہ سراسر جھوٹ اور سنسنی پر مبنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت نے پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر عام شہریوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی بے گناہ افراد شہید و زخمی ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آزادانہ اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، مگر بھارت نے یہ پیشکش مسترد کر دی اور حسبِ معمول بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت کی پرانی روش ہے کہ ہر دہشت گردی کا الزام پاکستان پر ڈال کر سیاسی فائدے حاصل کرے۔ اس بار بھی یہی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے نہ صرف جھوٹے بیانیے کے ساتھ میڈیا مہم چلائی بلکہ مساجد، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا کر جارحیت کی تمام حدیں پار کیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کو بھارت کی مسلسل گولہ باری کا سامنا ہے، اور افسوسناک امر یہ ہے کہ بھارت دانستہ عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اس کے برعکس پاکستان کی افواج صرف دفاعی ردعمل میں چھوٹے ہتھیاروں کے ذریعے صرف اُن بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جو پاکستانی علاقے میں فائرنگ کر رہی ہیں۔

انہوں نے بھارت کی میڈیا مہم کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بھارتی میڈیا مسلسل پروپیگنڈا کر رہا ہے کہ پاکستان نے ڈرون، راکٹ یا بڑے حملے کیے ہیں، جبکہ یہ تمام دعوے بے بنیاد، جھوٹے اور مضحکہ خیز ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا دوٹوک مؤقف تھا کہ اگر بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو وہ کسی غیرجانبدار ملک یا عالمی ادارے کو فراہم کرے، ورنہ یہ پروپیگنڈا مہم صرف خطے کے امن کو خراب کرنے کی کوشش تصور کی جائے گی۔

Comments are closed.