اقوامِ متحدہ کے ادارے کے دفتر کے نیچے حماس کا کمانڈ سینٹر ہونے کا اسرائیلی دعویٰ

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے غزہ میں فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوامِ متحدہ کے امدادی پروگرام (یو این آر ڈبلیو اے) کے ہیڈکوارٹر کے نیچے سینکڑوں میٹر لمبی اور جزوی طور پر چلنے والی ایک سرنگ ملی ہے۔

اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے حماس کی طرف سے فلسطینیوں کے لیے مرکزی امدادی ایجنسی کے ناجائز استعمال کا یہ ایک نیا ثبوت ملا ہے۔

فوج کے انجنیئرز ایک ایسے وقت میں غیر ملکی خبر رساں اداروں کے نامہ نگاروں کو وہاں لے کر گئے ہیں جب یو این آر ڈبلیو اے اندورنی تحقیقات کر رہی ہے اور کئی عطیہ دہندگان ملکوں کی جانب سے اسرائیل کے ان الزامات پر فنڈز روک لیے جانے سے یہ امدادی ادارہ بحران میں مبتلا ہے۔

اسرائیل نے اس ادارے پر الزام لگایا ہے کہ اس کے کئی ارکان حماس کے کارندوں کے طور پر کام کرتے ہیں۔

فلسطینیوں نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ یو این آر ڈبلیو اے کو بدنام کرنے کے لیے غلط معلومات پھیلا رہا ہے جس میں غزہ کی پٹی میں 13 ہزار افراد کام کرتے ہیں اور یہ ادارہ برسوں سے اس خطے کی اس آبادی کی لائف لائن ہے جو امداد پر انحصار کرتی ہے۔

اس ادارے کی سرگرمیاں انسانی دوستی پر مبنی ہیں۔ یہ اسکول اور بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے مراکز چلاتی ہے۔ سماجی سروسز فراہم کرتی ہے اور امداد تقسیم کرتی ہے۔

Comments are closed.