غزہ پر اسرائیلی بمباری کے ساتھ صیہونی فورسز کے تازہ زمینی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 119 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 28 بچے اور7 خواتین بھی شامل ہیں، جب کہ ایک ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔
اسرائیل نے بھاری ٹینکوں اور بھاری ہتھیاروں سے نہتے فلسطینیوں کی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد مکانات اور رہائشی فلیٹس ملبے کا ڈھیر بن گئے، ہر طرف تباہی ہے، ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے درندگی کی ہر حد پار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین پر حملے پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گے۔
غزہ کے شمال مشرقی علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے پیش نظرشہریوں نے نقل مکانی شروع کردی، امریکا نے اسرائیلی حملوں کیخلاف آج ہونے والا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس رکوا دیا ہے، اب فلسطین اسرائیل تنازع پر سلامتی کونسل کا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔
دوسری جانب حماس نے عیاش نامی لانگ رینج میزائل کا استعمال بھی شروع کردیا، پہلی بار حماس نے رامون انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر میزائل داغے، مزاحمتی تنظیموں کا مسلح ڈرون بھی ایکشن میں آگیا، متعدد اسرائیلی علاقوں پر جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک صیہونی فوجی سمیت 6 اسرائیلی ہلاک ہو گئے۔
Comments are closed.