اٹلی میں کرسمس پر لاک ڈاؤن و سخت پابندیاں نافذ ۔۔۔ ملک ریڈزون میں تبدیل

چند گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 17 ہزار 992 افراد میں وائرس کی تصدیق، مزید 672 اموات ریکارڈ

اٹلی میں کورونا وائرس کی بے قابو ہوتی صورتحال کے تناظر میں پورے ملک کو ریڈزون میں تبدیل کرتے ہوئے جیوسپی کونٹے حکومت نے کرسمس اور نئے سال کے موقع پر لاک ڈاؤن و سخت پابندیاں نافذ کردیں۔

وزیراعظم کونٹے نے کورونا وباء کی ایک مرتبہ پھر بگڑتی صورتحال کے تناظر میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں کرسمس اور سال نو کے موقع پر اٹلی میں لاک ڈاؤن اور سخت پابندیوں کے نفاذ پر اتفاق کیا گیا، جن میں اتوار کو ریسٹورنٹس، بارز سمیت دیگر غیرضروری دکانیں اور کاروبار بند رکھنا شامل ہے۔

کورونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے اٹلی میں عائد کی گئی سخت پابندیوں کا نفاذ کرسمس کے آغاز سے لے کر 6 جنوری تک کیے جانے کا امکان ہے، اس دوران چھٹیوں کے علاوہ ہفتے کے باقی دنوں میں پورا اٹلی اورنج زون میں بدل دیا جائے گا، ان دنوں میں دکانیں کھولنے کی اجازت ہو گی تاہم ریسٹورنٹس اور بارز بند رہیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ دو افراد (14 سال سے بڑے) کو کسی دوسرے شہری کے گھر جانے کی اجازت ہو گی، اس کے علاوہ 21 دسمبر سے 6 جنوری تک مختلف علاقوں کے درمیان سفر پر پابندی بھی انسداد کورونا اقدامات میں سر فہرست ہے۔

واضح رہے کہ اٹلی میں کورونا وبا ہر گزرتے دن کے ساتھ تباہ کن صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے، گزشتہ روز مزید 17 ہزار 992 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 672 اموات ریکارڈ کی گئیں، جس کے بعد اٹلی میں کورونا کیسز کی تعداد 19 لاکھ 21 ہزار 778 تک پہنچ گئی ہے۔جب کہ 67 ہزار 894 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

Comments are closed.