جعفر ایکسپریس حملہ افغان سرزمین سے جڑا منصوبہ قرار، بھارت اور اسرائیل کے اقدامات کی شدید مذمت : دفتر خارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ پاکستان کے خلاف بیرونی سازش کا نتیجہ تھا، جس کے روابط افغانستان سے جڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کے بین الاقوامی نیٹ ورک سے تعلقات تھے، اور واقعے کے دوران کی گئی ٹریس شدہ کالز سے افغانستان میں موجود عناصر کا پتہ چلا ہے۔
ترجمان نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان دہشت گردوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کرے اور پاکستان کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، لیکن دہشت گردی ایک بنیادی مسئلہ ہے جسے حل کیے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔
بھارت کی جانب سے کشمیری تنظیموں پر پابندی کی مذمت
بھارتی حکومت کی جانب سے دو کشمیری تنظیموں “عوامی ایکشن کمیٹی” اور “جموں و کشمیر اتحاد المسلمین” کو غیر قانونی قرار دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ یہ بھارتی اقدامات کشمیریوں کی آواز دبانے کی مذموم کوشش ہیں۔ شفقت علی خان کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت ممتاز کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق کرتے ہیں جبکہ اتحاد المسلمین کی بنیاد مولانا محمد عباس انصاری نے رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ان تنظیموں پر پابندی سے غیر قانونی قرار دی گئی کشمیری جماعتوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ سیاسی جماعتوں اور تنظیموں پر لگائی گئی پابندیاں فی الفور ختم کرے تاکہ کشمیری عوام اپنے جائز سیاسی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھ سکیں۔
امریکی سفری پابندیوں سے متعلق خبروں پر ردعمل
ترجمان نے امریکا کی جانب سے پاکستان پر ممکنہ سفری پابندیوں سے متعلق خبروں کو “قیاس آرائیاں” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع نہیں ملی اور پاکستان کا سفارتخانہ واشنگٹن میں امریکی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
اسرائیل کی امداد روکنے کے فیصلے کی مذمت
ترجمان نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے امداد روکنے کے اقدام کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
او آئی سی اجلاس میں پاکستان کا مؤقف
ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی جہاں انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے فلسطینی وزیر اعظم، او آئی سی سیکریٹری جنرل اور ترکیہ کے وزیر خارجہ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں اور فلسطین پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔
Comments are closed.