کانگریس نے کپیٹل ہل میں ہنگامہ آرائی کے باعث تاخیر کا شکار ہونے مشترکہ اجلاس کے بعد نومنتخب صدر جوبائیڈن کی جیت کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن اگلے امریکی صدر جب کہ کمالا ہیرس نائب صدر ہوں گی، حلف برداری کی تقریب 20 جنوری کو ہوگی جس کے بعد ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر بن جائیں گے۔
مشترکہ اجلاس کے دوران رپبلکن سینیٹر مچ مکونیل نے کہا کہ امریکی سینیٹ کو کسی بھی صورت مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لیے ڈرایا نہیں جاسکتا، ہم کسی بھی صورت لاقانونیت کے آگے سر نہیں جھکائیں گے اور آئین کے تحت اپنی ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے۔
گزشتہ روز نائب امریکی صدر مائیک پینس کی سربراہی میں نو منتخب صدر جو بائیڈن کی الیکٹورل کالج میں جیت کی باقاعدہ تصدیق کے لیے کانگریس اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس جاری تھا کہ ٹرمپ کے حامیوں نے کیپٹل ہل کے باہر رکاوٹیں توڑ دیں اور عمارت کے اندر داخل ہوگئے تھے جس کے بعد مشترکہ اجلاس کچھ وقت کے لیے معطل کیا گیا۔
ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے پرتشدد مظاہروں کے دوران 4 افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد واشنگٹن اور دیگر ریاستوں میں نیشنل گارڈ کے دستے بلالیے گئے اور دارالحکومت میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
Comments are closed.