اسلام آباد: کوریا کی حکومت کا پاکستان میں افغان مہاجرین کو بااختیار بنانے کے لئے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کو 10 لاکھ ڈالر امداد فراہم کرے گا۔
کوریا کی حکومت اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کو با اختیار بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔ اسی مناسبت سے یو این ایچ سی آر اور کوریا کی حکومت کے مابین باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے گئے جس کے تحت کوریا افغان مہاجرین کی فلاح و بہبود اور انہیں با اختیار بنانے کے نئے منصوبے کیلئے ایک ملین ڈالر فراہم کرے گا۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی جانب سے شروع کئے جانے والے اس نئے منصوبے سے پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین میں سے تقریباً ایک لاکھ کو فائدہ پہنچے گا، اور انہیں رہن سہن کیلئے مدد اور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
دستخطوں کی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کورین سفیر کواک سنگ کیو نے کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کو سنبھالنے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ کوریا پناہ گزینوں کا بوجھ بانٹنے اور مہاجرین کی مدد کیلئے اقدام اٹھا رہا ہے، امید ہے کہ اس امداد سے نوجوان افغان مہاجرین کو با اختیار اور خود انحصار بننے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر یو این ایچ سی آر کی پاکستان میں نمائندہ مس نوریکو یوشیدہ نے افغان مہاجرین کیلئے قابل قدر امداد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورین حکومت کے تعاون اور امداد سے ضرورت مندوں کی مدد اور تحفظ کے یو این ایچ سی آر کے عزم کو تقویت ملے گی جب کہ یہ نیا منصوبہ کئی پناہ گزینوں کو پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد دے گا۔
یو این ایچ سی آر کے اس منصوبے کے ذریعے افغان مہاجرین بالخصوص نوجوان پناہ گزینوں کو زرعی اور پیشہ وارانہ تربیت اور چھوٹے کاروبار شروع کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی، اس کے ساتھ ساتھ مہاجر رضا کاروں کی استعداد کار اور صلاحیت بڑھانے پر بھی توجہ دی جائے گی تا کہ وہ پاکستان میں پناہ گزین طبقے کی مزید بہتر انداز میں مدد کر سکیں۔
Comments are closed.