نیدرلینڈز میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے 17 ویں سالانہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد
نیدرلینڈز کیلئے پاکستانی آم برآمدات میں 124 فیصد اضافہ، پاکستان یورپی یونین کو چاول کا سب سے بڑا برآمد کنندہ
دی ہیگ: نیدرلینڈز میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے 17 ویں سالانہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈچ کمپنیوں، مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارت کاروں اور ہالینڈمیں مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی آموں، چاول سمیت دیگر زرعی اجناس اور مصنوعات پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیدرلینڈز کیلئے پاکستانی آم کی برآمدات میں 124 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ پاکستانی باسمتی چاول بھی منفرد ذائقہ اور اعلیٰ معیار کا حامل ہے۔
پاکستانی سفیر نے بتایا کہ گزشتہ برس پاکستان یورپی یونین کو سب سے زیادہ چاول برآمد کرنے والا ملک رہا جو کہ پاکستان میں جدید ترین پروسیسنگ سہولیات کی دستیابی اور پاکستانی مصنوعات پر بین الاقوامی صارفین اور خریداروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
مینگو فیسٹول کے شرکاء نے پاکستانی آموں اور باسمتی چاول کے معیار اور ذائقے کی تعریف کی، پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے کسانوں اور برآمدکنندگان کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان (کسانوں و برآمدکنندگان) کی کوششوں اور محنت سے ملک زرمبادلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو رہا ہے۔
مینگو فیسٹول کے دوران پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے تیار کردہ خصوصی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں جنہیں شرکاء نے خوب سراہا، خیال رہے کہ نیدرلینڈز میں پاکستانی سفارت خانے نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اشتراک سے مینگو فیسٹول کا انعقاد کیا۔
Comments are closed.