نواز شریف کے لیے بڑا ریلیف، حفاظتی ضمانت منظور، وارنٹ گرفتاری معطل

 اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی چوبیس اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظو رکرلی ۔ احتساب عدالت نے بھی دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کر تے ہوئے نیب کو گرفتار ی سے روک دیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق اور میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اعظم نذیر تارڑ،عطا تارڑ اور امجد پرویز اور نیب پراسکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ نیب کا کیا موقف ہے؟ اس میں کوئی تبدیلی تو نہیں؟نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ابھی تو یہی موقف ہے کہ نواز شریف کے آنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں،ہائی کورٹ نے اپنے آرڈر میں لکھا تھا کہ ملزم واپس آ کر اپیلیں بحال کرا سکتا ہے۔ عدالت نے نیب کو جواب تحریری طور پر بھی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے 24 اکتوبر تک نواز شریف کی گرفتار ی سے روک دیا۔

دوسری جانب احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ نواز شریف کو واپسی پر ایئرپورٹ سے گرفتار نہ کیاجائے ۔احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیئے کہ نوازشریف 24 اکتوبر کو پیش نہ ہوئے تو دائمی وارنٹ بحال ہوجائیں گے۔

Comments are closed.