اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کے خلاف پاکستانی افواج کی حالیہ جوابی کارروائی کو فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ “بھارت کو ایسی کاری ضرب لگائی گئی ہے کہ چار دن کا قرض ایک دن میں اتار دیا گیا۔” ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا گیا اور اگر دوبارہ ایسی کوشش ہوئی تو اس سے بھی سخت ردعمل دیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت گزشتہ چار پانچ دن سے “تماشہ لگا” رہا تھا، جواب دینا ضروری تھا اور پاکستانی افواج نے چھ گھنٹوں کے اندر وہ جواب دیا جو بھارت کو مدتوں یاد رہے گا۔ ان کے مطابق “بھارت کو چوٹیں لگی ہیں، اور اب ان کی ٹکور ہو رہی ہے۔”
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو مزید نقصان اٹھانا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا:
> “ہم نے چھ گھنٹے میں بھارت کو بتا دیا کہ پاکستان کیا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔”
وزیر دفاع نے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں بلکہ وہ لوگ بھی “ہندوستانی مہرے” ہیں، جنہیں بھارت پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پلوامہ واقعہ بھی پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں پیش آیا جبکہ کلبھوشن یادیو جیسے جاسوس کو بھی پاکستان نے رنگے ہاتھوں پکڑا۔
خواجہ آصف نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنی افواج کے پیچھے “سیسہ پلائی دیوار” کی طرح کھڑے ہوں، کیونکہ افواج پاکستان پچھلے 20 سال سے حالتِ جنگ میں ہیں اور ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اردو کے معروف شاعر فیض احمد فیض کا مصرعہ شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا:
> “جو وہ قرض رکھتے تھے جان پر، وہ حساب آج چکا دیا۔”
Comments are closed.