پاک بھارت کشیدگی: سیاسی قیادت کو قومی سلامتی پر ان کیمرہ بریفنگ، فوج کی تیاریوں پر اعتماد کا اظہار

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف کی جانب سے ملک بھر کی سیاسی قیادت کو پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں قومی سلامتی سے متعلق اہم ان کیمرہ بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ بریفنگ حالیہ پہلگام فالز فلیگ آپریشن کے پس منظر میں دی گئی، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے سیاسی رہنماؤں کو پاک فوج کی تیاریوں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی سے تفصیل سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جو خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم اگر پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی تو افواجِ پاکستان بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سیاسی قیادت کو حکومتی سفارتی کوششوں اور پاکستان کے ریاستی مؤقف سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق، جمعیت علماء اسلام کے رہنما نور عالم خان، عبدالشکور، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، اور وزیر مملکت برائے کھیل داس کوہستانی سمیت کئی سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے اس ان کیمرہ بریفنگ کا بائیکاٹ کیا اور شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔

Comments are closed.