پاکستان کشمیریوں کے حقوق پرکبھی سودے بازی نہیں کرے گا، شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کشمیر کاز کی مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حقوق پر کبھی سودے بازی نہیں کرے گا۔ انہوں نے او آئی سے مطالبہ کیا کہ فلسطین کی طرح مسئلہ کشمیر کے پرامن کیلئے متحد ہو کر موثر آواز بلند کی جائے۔

امریکی شہر نیویارک میں پاکستانی قونصل خانے میں منعقدہ تارکین وطن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان دہائیوں سے حل طلب تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بات چیت کرے گا تاہم کشمیری عوام کے حقوق پر کسی صورت سودے بازی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز  کے لئے وزیراعظم عمران خان نہایت پرعزم اور اس حوالے سے ان کا موقف غیرمتزلز ہے۔

بھارت کے ساتھ کشمیر کے معاملے پر بیک ڈور رابطوں اور مذاکرات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم باعزت طریقے سے مسئلے کے حل کیلئے بات چیت کریں گے لیکن کشمیر کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں کیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فلسطین امن سفارتی مشن کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز اپنی تقریر میں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے درمیان مماثلت بیان کی، فلسطینی اور کشمیری ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں، فلسطین کے عوام اپنے جائز حق۔۔ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کوشاں ہیں اور کشمیری بھی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں دونوں کو آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کے خطرات لاحق ہیں، فلسطینی بھی انصاف کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جب کہ کشمیری عوام بھی حصول انصاف کیلئے سرگرداں ہیں۔ میں نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ سے درخواست کی ہے کہ جس طرح ہم نے فلسطین کے دبے ہوئے مسئلے کو مل کر اجاگر کیا ہے اسی طرح ہمیں کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے بھی مل کر آواز اُٹھانے کی ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ جس طرح فلسطین کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے اسی طرح کشمیر کا مسئلہ بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، جس طرح فلسطین کے مسئلے کو حل کیے بغیر مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن نہیں ہو سکتا اسی طرح کشمیر کے مسئلے کو حل کیے بغیر جنوب ایشیائی خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وہ او آئی سی کی کونسل آف فارن منسٹرز کے وزرائے خارجہ کو تجویز پیش کر رہے ہیں کہ وہ آئندہ اسلام آباد میں منعقد ہونیوالے وزارتی کونسل کے اجلاس میں اسی شدومد سے کشمیر کے مسئلے کو اٹھائیں جس طرح ہم نے یک زبان ہو کر فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کیا ہے۔

Comments are closed.