لاہور: وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر سردار عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہی رہیں گے۔ تاہم انہوں نے پنجاب میں کرپشن ختم نہ ہونے پر برہمی کا اظہار اور بدعنوانی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم سے ایوان وزیراعلیٰ میں عثمان بزادر نے ملاقات کی۔ عمران خان نے عوامی ریلیف کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کے قیام اور پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کارکردگی کو سراہا۔
عمران خان نے کہا سمارٹ لاک ڈاؤن پر حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر زبردست عمل دآمد کروایا، حکومتی اقدامات کے باعث کورونا کیسز میں واضح کمی ہوئی، اب حالات بہتر ہو رہے ہیں، عوام کو حکومتی ایس او پیز پر عملدآمد اور حکومت کا ساتھ دیتے رہنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا پنجاب حکومت نے اپنے اخراجات میں واضح کمی کی ہے، لاہور کے شمال میں جدید شہر بسانے کے لئے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی قائم کی ہے، اتھارٹی نیا شہر بسانے کیلئے کام کرے گی، نیا شہر دبئی کی طرز پر بسایا جائے گا، نیا شہر ایک لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر بنایا جائے گا، نجی شعبے کی جانب سے 5 ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں اراکین اسمبلی سے ملاقات کی ہے۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نچلی سطح پر کرپشن ابھی تک ختم نہیں ہو سکی، ادارے کیا کر رہے ہیں؟ صوبے میں کرپشن ختم کرنے کےلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ کرپشن سے متعلق مجھے میانوالی ،لاہور اور دیگر اضلاع سے بہت کچھ پتا چلا ہے۔
ملاقات کے دوران اراکین اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے تحفظات کی بھر مار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار صوبائی اسمبلی اراکین کو زیادہ جبکہ قومی اسمبلی اراکین کو کم ملتے ہیں، ہمارے حلقوں کے مسائل حل نہ ہوئے، ترقیاتی سکیموں سے محروم ہیں۔
ان تحفظات کو سننے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کواراکین اسمبلی کے تحفظات فوری طور پر دورکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی کنفوژن ہے اسے فوری ختم کی جائے، بزدار صاحب آئندہ کوئی گلہ شکوہ نہیں ہونا چاہے، تحفظات درست ہیں، ترقیاتی سکیمیں جہاں ممکن ہیں وہ شروع کی جائیں گی۔
Comments are closed.