سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو نون لیگ کی سرپرستی حاصل رہی، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں ۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ہر کردار کو سامنے لائیں گے ۔حیرت ہے کہ سرکاری زمینوں کا قبضہ چھڑانے کو بھی سیاسی انتقام قرار دیا جا رہا ہے ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماوں کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی جبکہ حکومتی رہنماوں کو براڈشیٹ، فارن فنڈنگ کیس اور قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن پر بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو نون لیگ کی سرپرستی حاصل رہی، سیاسی سرپرستی کے بغیر کوئی بھی سرکاری زمین پر قبضہ نہیں کر سکتا، حیرت ہے سرکاری زمینوں کا قبضہ چھڑانے کو بھی سیاسی انتقام قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے اور حکومتی ترجمان قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کریں۔

الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں، الیکشن کمیشن میں ہمارا موقف درست ثابت ہوا ۔ براڈشیٹ کے معاملے پر شفاف اور منصفانہ تحقیقات کرانا چاہتے ہیں، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ہر کردار کو سامنے لائیں گے، اپوزیشن کی خام خیالی ہے کہ وہ پراپیگنڈا کر کے حقائق چھپا لیں گے ۔

Comments are closed.