وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین اور سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن میں قائم مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے وزیرمذہبی امور اور سیکرٹری مذہبی امور کو پاکستان حج مشن میں قائم گمشدگی و بازیابی ، کمپلینٹ سیل، خوراک و رہائش اور ٹرانسپورٹ سمیت عازمین حج کی خدمت کے لئے قائم کئے گئے دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی جی حج مکہ نے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور اب تک کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وفاقی وزیرنے اس موقع پر ہدایت کی کہ حاجیوں کی خدمت میں کوئی کسر روا نہ رکھی جائے کیونکہ حاجی اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں اور ایک انتہائی مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لئے حجازمقدس آئے ہیں۔ اس لئے ان کی خدمت ہمارا قومی اور مذہبی فریضہ ہے۔
وزیرمذہبی امور نے پاکستانی عازمین حج کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کااظہارکیا۔
Comments are closed.