اسلام آباد:تحریک انصاف نے لانگ مارچ کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کو احتجاج کیلئے اجازت دینے اور کسی کارکن کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا جائے ۔ رجسٹرارآفس نے درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آئین کے تحت پُر امن احتجاج کا حق حاصل ہے، عدالت حکومت کو ہدایت دے کہ احتجاج میں رکاوٹیں حائل نہ کی جائیں اور وفاقی اورپنجاب حکومت کو تشدد اور طاقت کے استعمال سے روکا جائے۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ درخواست میں جو نکتہ اٹھایا گیا ہے اس پر سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی ہے، ایک معاملے پر فیصلہ ہو جانے کے بعد اس کی دوبارہ شنوائی نہیں ہوسکتی ،درخواست گزار نے متبادل فورم دستیاب ہونے کے باوجود سپریم کورٹ سے رجوع کیاہے ۔رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا کر معاملہ حتمی فیصلے کیلئے رجسٹرار سپریم کورٹ کو بھجوا دیا۔
سپر یم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے کہاکہ دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ عمران خان کو اسلام آباد نہیں آنے دیں گے ، بتایاجائے کون سے قانون کے تحت پر امن شہریوں کودارالحکومت آنے سے روکا جا سکتا ہے۔اسد عمر کا کہنا تھاکہ 25 مئی کو بھی لانگ مارچ کے دوران سپریم کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کیا گیا ۔ امید ہے سپریم کورٹ بائیس کروڑ عوام کے جمہوری حق کی حفاظت کرے گی۔۔
Comments are closed.