ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم دنیا سے رخصت ہو گئیں

لندن: ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ ان کی عمر 96 سال تھی۔ حکومت کی جانب سے برطانیہ میں دس روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق شاہی محل بکنگھم پیلس نے ملکہ برطانیہ کے انتقال کا اعلان کردیا ہے۔ وہ برطانیہ کی سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ تھیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ کی تدفین لندن برج آپریشن کے منصوبے کے تحت سر انجام پائے گی،ملکہ کے تابوت کو شاہی ٹرین پر سینٹ پینکراس ریلوے اسٹیشن لندن منتقل کیا جائے گا اور پھر ریلوے اسٹیشن سے تابوت بکنگھم پیلس لایا جائے گا۔
ملکہ کی آخری رسومات دس روز بعد ویسٹ منسٹرا بے پر ادا کی جائیں گی اور ملکہ کی آخری رسومات کے وقت دو منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جس کے بعد ملکہ کو کنگ جارج ششم میموریل چیپل ونڈزر میں سپردخاک کیا جائے گا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے دن قومی تعطیل ہوگی، ملکہ کو سپرد خا ک کیے جانے کے دن لندن اسٹاک، بینک اور دیگر تمام اہم ادارے بند رہیں گے۔

Comments are closed.