اسلام آباد: نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد احتساب عدالتوں میں ٹرائل چلانے کا معاملہ، وزارت قانون نے نیب آرڈیننس کی روشنی میں فوری سہولیات دینے سے معذرت کرلی ،عدالتی ٹرائل کی آڈیو،ویڈیو ریکارڈنگ کیلئے انتظامات بھی مکمل نہ ہو سکے۔
وزارت قانون کی جانب سے ملک بھر کی احتساب عدالتوں کے ایڈمن ججز کو اس حوالے سے خط لکھ دیاگیاہے ۔خط میں کہا گیاہے کہ ماڈرن ڈیوائسز لگانے تک عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کا عمل نہ روکا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے پرانے سسٹم کے تحت شواہد ریکارڈ کرنے کا عمل جاری رکھا جائے ۔
خط میں کہا گیاہے کہ آڈیو،ویڈیو ریکارڈنگ کیلئے ڈیوائسز کی خریداری کا عمل شروع ہو چکا ہے جو چھ ماہ میں احتساب عدالتوں میں لگائی جائیں گی ۔ خط وفاقی سیکرٹری قانون کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔
Comments are closed.