شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس: سلمان شہبازکے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

لاہور: احتساب عدالت نے شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق مقدمے میں مسلسل عدم حاضری پر سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔

لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئےکمرہ عدالت میں کرپشن کے الزامات پر فاضل جج سے مکالمے میں کہا کہ اپنے دور میں کروڑوں روپے بچائے ہیں، قومی خزانے کو آج تک نقصان نہیں پہنچایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے ایک دھیلے کی کرپشن کی اور نہ ہی خزانے سے کوئی تنخواہ نہیں لی، پاکستان کے اندر اربوں روپے کی سرمایہ کاری لائی، اللہ اور اس کے رسول کی قسم کھاتا ہوں کبھی عوام کے پیسے کو نقصان نہیں پہنچایا، جج احتساب عدالت نے کہا کہ آپ بے فکر رہیں قانون کے مطابق عدالت الزامات کا جائزہ لے گی، الزامات جھوٹے ہوئے تو آپ باعزت بری ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہیں اللہ تعالیٰ کی ذات اور عدالت پہ یقین ہے، اپوزیشن لیڈر کی استدعا پر عدالت نے انہیں حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی،عدالتی استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ نصرت شہباز شریف کے وارنٹ جاری نہیں ہوئے ان کو والدین سے کوئی جائیداد نہیں ملی، تاہم شہباز شریف کے وزیراعلی بننے کے بعد نصرت شہباز کے اثاثوں میں اضافہ ہوا اور اکاؤنٹس میں ٹرانزیکشنز ہوئیں۔

احتساب عدالت نے طلبی کے باوجود سلمان شہباز کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے اور حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر وارنٹ سے متعلق رپورٹ اور سلمان شہباز کو جلد از جلد گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔

Comments are closed.