سدھو موسے والا قتل کا مرکزی ملزم گینگسٹر سچن بشنوئی گرفتار، 10 روزہ ریمانڈ منظور

معروف بھارتی گلوکار سدھو موسے والا قتل کیس میں آذربائیجان سے گرفتار مرکزی ملزم گینگسٹر سچن بشنوئی کو 10 روزہ ریمانڈ پر دہلی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

گینگسٹر سچن بشنوئی کو بھارتی حکام نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے اپنی تحویل میں لے کر بھارت منتقل کیا تھا، سچن بشنوئی سدھوموسے والا قتل کیس میں پہلے سے گرفتار گینگسٹر لارنس بشنوئی کا رشتہ دار ہے، پنجابی گلوکار سبھدیپ سنگھ المعروف سدھو موسے والا کے 29 مئی 2022 کو قتل کے دو روز بعد سچن بشنوئی نے فیس بک پر سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

سچن بشنوئی قتل کے بعد آذربائیجان فرار ہو گیا، تاہم بھارتی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آذربائیجان حکومت سے ملزم کی حوالگی کا مطالبہ کیا، ملزم کو آذربائیجان میں اگست 2022 میں حراست میں لے لیا گیا تھا، بشنوئی نے باکو کی مقامی عدالت میں بھارتی حکومت کی جانب سے حوالگی کے خلاف درخواست دائر کر رکھی تھی جو کہ مسترد ہو گئی جس کے بعد باکو اتھارٹیز نے گینگسٹر سچن بشنوئی کو بھارتی حکام کے حوالے کر دیا۔

دہلی پولیس کے سپیشل سیل نے ملزم کو پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے سامنے پیش کر کے تفتیش کے لئے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سچن تھاپن عرف سچن بشنوئی کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر دہلی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک کارروائی کے دوران بھارت کی نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی نے لارینس بشنوئی کے معاون وکرم جیت سنگھ عرف وکرم برار کو بھی حراست میں لیا تھا۔

Comments are closed.