جنوبی کوریا:صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک کامیاب

جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کے خلاف مواخذے کی دوسری تحریک کامیاب ہو گئی ہے جس کے بعد وہ اب صدارتی ذمے داریاں نہیں نبھا سکیں گے۔

ہفتے کو جنوبی کوریا کی قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں 204 ارکان نے تحریک کے حق میں جب کہ 85 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ صدر کی اپنی جماعت ’پیپل پاور پارٹی‘ (پی پی پی) کے کچھ ارکان نے بھی اُن کے خلاف ووٹ دیا۔

مواخذے کی کامیابی کے بعد صدر کو اپنے اختیارات استعمال کرنے اور فرائضِ منصبی سے روک دیا گیا ہے۔

تحریک کی کامیابی کی ایک نقل صدر جب کہ دوسری آئینی عدالت کو بھیج دی گئی ہے۔

جنوبی کوریا کی آئینی عدالت 180 روز کے اندر صدر کو اُن کے عہدے سے ہٹانے یا بحال کرنے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔ اگر اُنہیں عہدے سے ہٹایا گیا تو 60 روز کے اندر ملک میں نئے صدارتی انتخابات ہوں گے۔

Comments are closed.