ملک معاشی ٹیک آف کی پوزیشن پر ہے، بجٹ میں ترقی کو اولین ترجیح دی گئی:وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کی محنت اور قربانیوں کے باعث پاکستان اب معاشی ٹیک آف کی پوزیشن پر پہنچ چکا ہے، اور موجودہ وفاقی بجٹ میں معاشی ترقی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

وزیراعظم نے اجلاس کے آغاز پر حجاج کرام کو مبارکباد دی اور فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ “فلسطین میں جاری بربریت عصر حاضر کا بدترین ظلم ہے، عالمی برادری کو غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔”

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران ملکی معیشت کو سنگین چیلنجز کا سامنا رہا، لیکن عام آدمی اور تنخواہ دار طبقے نے صبر و استقامت سے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مشکلات کے باوجود معیشت میں بہتری کے مثبت اشاریے سامنے آئے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے نہ صرف حالیہ معاشی جنگ میں ایک مضبوط حریف کو شکست دی بلکہ ملکی مستقبل کو روشن بنانے کے لیے بھی پُرعزم ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

اجلاس میں “معرکۂ حق” اور قرآن کریم کی آیت “بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” کا حوالہ دیتے ہوئے وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

مزید برآں، اجلاس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر شدید اظہارِ برہمی کیا گیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ “بھارت سندھ طاس معاہدے سے دستبردار نہیں ہوسکتا، نہ ہی پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔”

انہوں نے تمام اداروں اور وزارتوں کو بجٹ کی تیاری میں قابلِ قدر کارکردگی پر سراہا اور کہا کہ “سب کو مل کر شب و روز محنت سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنا ہوگا۔”

Comments are closed.