وزیراعظم نے شعبہ تعلیم سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم کانفرنس ہے، تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، برطانیہ کی پاکستان میں تعلیم، فنی و پیشہ وارانہ تعلیم کے فروغ کیلئے تعاون قابل ستائش ہے، بابائے قوم کا بھی فرمان ہے کہ تعلیم ہمارے لئے زندگی اور موت کا معاملہ ہے، کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہوئی ہے، بچوں میں غذائی کمی ایک بڑا چیلنج ہے جس پر قابو پانے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اور بچیاں سکول سے باہر ہیں، تعلیم کے فروغ کیلئے مالی وسائل کی فراہمی سب سے بڑا مسئلہ ہے لیکن جب عزم پختہ ہو تو چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے
پاکستان چیلنجز پر قابو پا کر ہی ایٹمی قوت بنا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 80 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے وسائل فراہم کئے گئے، دہشت گردی کے خلاف جنگ نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے شروع کی گئی، یہ وہ مثالیں ہیں جن سے ہمیں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے کہ جب آپ کا عزم مضبوط ہو تو آپ مشکلات اور چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، پاکستانی قوم اپنے عزم اور حوصلہ سے کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں پنجاب کا وزیراعلیٰ تھا تو ہم نے 2008ء سے 2018ء تک سکولوں میں بچوں کے داخلہ کی بلند ترین شرح کو یقینی بنایا، جنوبی پنجاب میں طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے زیور تعلیم پروگرام شروع کیا گیا جس کے تحت بچوں کیلئے تعلیمی وظائف اور یونیفارم کی فراہمی کا بندوبست کیا گیا، اس پروگرام کی وجہ سے 90 ہزار طالبات کو سکولوں میں داخل کیا گیا، بچوں سے مشقت کرانے والے والدین کو امداد فراہم کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کو تعلیم کی فراہمی کا چیلنج مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں، میں ملک میں تعلیم کے شعبہ کی خود نگرانی کروں گا اور یہ 2 کروڑ 60 لاکھ بچے جو سکول سے باہر ہیں بہت جلد سکولوں میں ہوں گے، جس طریقے سے ہم نے پنجاب میں تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کئے گئے ایسے ہی اقدامات کو پورے ملک میں یقینی بنایا جائے گا، اس کیلئے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتا ہوں، میں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ سے بھی ملوں گا، تعلیم ہمارے بچوں اور مستقبل کا معاملہ ہے، تعلیم کے بغیر ترقی و خوشحالی کا مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا، تعلیم کردار سازی کے علاوہ زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں آگے بڑھنے کا راستہ ہے، پاکستان کا معاشرہ جلد تعلیم یافتہ معاشرہ بنے گا،ہم یکسو ہو کر چلتے رہے تو پاکستان ہر شعبے میں اپنا نام پیدا کرے گا۔
Comments are closed.