آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف شعبوں میں نمایاں صلاحیت رکھتا ہے اور سب کو ملک کے روشن مستقبل پر غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کور کے دورہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ بے پناہ وسائل اور صلاحیت کے پیش نظر پاکستان کا مقدر ہے کہ وہ اقوام عالم میں اپنا صحیح مقام حاصل کرے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران انہیں فوج کی جانب سے آپریشنل تیاریوں اور اہم تربیتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے انوویسٹا انڈس آئی ٹی پارک کا بھی افتتاح کیا جس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی بالخصوص مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اکیڈمی اور انڈسٹری کے تعاون کو فروغ دینا ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور سول کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
آرمی چیف نے کہاکہ اس طرح کے منصوبوں کا مقصد ملک میں آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کو مزید فروغ دینے کے لیے انتہائی سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جو پہلے سے تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے کراچی کی بزنس کمیونٹی سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے ملک کی اقتصادی ترقی میں کاروباری برادری اور تاجروں کے تعاون کو سراہا۔ شرکا نے اعتماد کا اظہار کیا اور خصوصی سرمایہ کاری کونسل (ایس آئی ایف سی)کے مثبت معاشی اشاریوں کے حصول کے لیے کردار کی تعریف کی جو مزید اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔
آرمی چیف نے تمام اقدامات کی حمایت کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی ناکام کوششیں کرنے والوں کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں سے شکست ہوئی ہے۔
انہوں نے برادر اور دوست ممالک بالخصوص چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں متعدد شعبوں میں تعاون فراہم کرنے کو سراہا۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کراچی نے ان کا استقبال کیا۔
Comments are closed.