ٹرمپ کی حماس کو “آخری وارننگ”، تمام یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کو “آخری وارننگ” دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غزہ میں موجود تمام یرغمالیوں کو فوری رہا کرے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے حماس کو مخاطب کیا اور مطالبہ کیا کہ تمام یرغمالیوں کو آزاد کیا جائے اور ان افراد کی لاشیں بھی واپس کی جائیں جنہیں قتل کیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں حماس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا:
“صرف کمزور اور ذہنی بیمار لوگ لاشیں رکھتے ہیں، اور آپ کمزور اور ذہنی بیمار ہیں!”

اسرائیل کی مکمل حمایت کا اعلان

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ اسرائیل کو ہر وہ چیز فراہم کر رہے ہیں جو اسے اس معاملے کو ختم کرنے کے لیے درکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو “حماس کا کوئی ایک رکن بھی محفوظ نہیں رہے گا”۔

یرغمالیوں سے ملاقات کے بعد سخت ردِعمل

صدر ٹرمپ نے یہ بیان وائٹ ہاؤس میں حماس کی قید سے آزاد ہونے والے آٹھ افراد سے ملاقات کے بعد جاری کیا۔
انہوں نے کہا: “آج میں سابقہ یرغمالوں سے ملا، جن کی زندگی آپ (حماس) نے تباہ کر دی ہے”۔

امریکہ اور حماس کے درمیان براہِ راست مذاکرات

دوسری جانب، وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی حکام اور حماس کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں براہِ راست بات چیت ہو رہی ہے۔

یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب امریکہ اور اسرائیل حماس کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے پر زور دے رہے ہیں، جبکہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔

Comments are closed.