عالمی برادری کشمیری قیدیوں کی رہائی کیلئے بھارت پردباؤ بڑھائے،عبدالقیوم نیازی

وزیراعظم آزاد کشمیرسردارعبدالقیوم نیازی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کو رہا کروانے کیلئے عالمی برادری، امریکی صدر اور اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردارعبدالقیوم نیازی سے برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ملاقات کی،  جس میں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیرسردارعبدالقیوم نیازی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم بالخصوص برطانیہ میں بسنے والے کشمیری بھارت کے مظالم اجاگر کرنے کیلیے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم آزاد کشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کو رہا کروانے کیلئے عالمی برادری، امریکی صدر اور اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان مسئلہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے زبردست اقدامات کر رہے ہیں۔

سردارعبدالقیوم نیازی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کو باقی دنیا سے مواصلاتی طور پر تنہا کر رکھا ہے، برطانوی ارکان پارلیمینٹ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی جارحیت روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

 برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کو مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اپنی کوششوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ مودی سرکار کے مظالم ، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اور ہر عالمی فورم پر موثر انداز میں اجاگر کرتی رہیں گی۔

Comments are closed.