ن لیگ اور پی پی پی میں اتحاد، شہباز شریف وزیراعظم اور آصف زرداری صدر

ایک ہفتے سے زائد عرصے کے دوران مذاکرات کے کئی ادوار کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) حکومت بنانے پر متفق ہو گئے ہیں۔ شہباز شریف وزارت عظمی کے اور آصف علی زرداری سربراہ مملکت کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منگل کو دیر رات وفاقی دارالحکومت میں زرداری ہاؤس میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سازی کے لیے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں ہمارے پاس اراکین کی ضروری تعداد موجود ہے اور ہم وفاق میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے جبکہ صدر کے لیے دونوں جماعتوں کی جانب سے مشترکہ امیدوار آصف علی زرداری ہوں گے۔

پریس کانفرنس میں پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف سمیت متعدد اہم رہنما موجود تھے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اب دونوں جماعتیں مل کر پاکستان کو بحران سے نکالنے جارہی ہیں، ”ہم مل کر مسائل کا مقابلہ کریں گے اور ہماری پوری کوشش ہو گی کہ عوام کی جو ہم سے امیدیں ہیں، ہم اس کے مطابق کارکردگی دکھا سکیں۔‘‘

بلاول نے کہا، ”ہم سب کی دعا ہے کہ حکومت کامیاب ہو اور ہمارے جو بھی مسائل ہیں اور پاکستانیوں کو معیشت میں درپیش مشکلات کا حل نکالنے کے لیے اللہ تعالیٰ ہمارا ساتھ دے اور ہم کامیاب ہو جائیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیاں حتی الامکان جلد از جلد حکومت تشکیل دیں گی۔ پاکستانی آئین کے مطابق نئی قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 29 فروری تک طلب کیا جانا ہے۔ جہاں نئے وزیر اعظم اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.