عوامی شکایات پر، پاکستان نے سعودی عرب سے سفارتی عملہ واپس بلا لیا

سعودی عرب میں تعینات سفیر کی ناقص کارکردگی پر وزیراعظم عمران خان نے برہمی کا اظہارکیاہے۔ دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں کی شکایات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی اس تمام معاملے کا جائزہ لے گی۔جن سفارتی افسروں کو واپس طلب کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، وہ سفارت خانے کے ڈپلومیٹک ، کمیونٹی ویلفیئر اورقونصلر شعبوں میں کام کررہے تھے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہاہے کہ حکومت پاکستان سمندرپار پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کو بڑی اہمیت دیتی ہے۔عوامی خدمات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برتی جاتی ہے تو اس معاملے میں کوئی رورعایت نہیں برتی جائے گی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تمام سفارتی مشنوں کے کام کی خود نگرانی کرتے ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محود قریشی نے یورپ میں بارسلونا قونصل خانہ پاکستان کی خدمات اور قونصل جنرل عمران علی کی بہترین کارکردگی کو عمدہ مثال قرار دیاہے۔قونصل خانہ پاکستان وباء کے دنوں میں دن رات پاکستانی تارکین وطن کی خدمت میں مصروف رہا۔ واضع رہے جب کورونا کے باعث دفاتر بند کئے گئے تو قونصل جنرل عمران علی نے قونصل خانہ بند نہیں ہونے دیا اور مشکل میں گھری پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ہرممکن کوشش کی۔ کورونا وباء کے دوران میتیں پاکستان بھجوانے اور ضرورتمند پاکستانیوں کے لئے سہولیات مہیا کرنے پر بارسلونا کے عام پاکستانی قونصل جنرل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

Comments are closed.