لاہور۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ‘لاہور کا جلسہ تو 13دسمبر کو ہے لیکن آج لاہور میں قدم قدم پر جلسہ ہو رہا ہے، اب جعلی حکومت اور مہنگائی کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے تھے کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، اب ان سے این آر او مانگ رہے ہیں لیکن سن لو نواز شریف تمہیں این آر او نہیں دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی ہم نے باضابطہ استعفے نہیں مانگے اور میرے گھر پر استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں، لاہور والوں کا کیا فیصلہ ہے؟ جعلی اسمبلیوں میں بیٹھیں یا استعفیٰ دیں، اب آندھی آئے یا طوفان اب مینار پاکستان جلسے میں ملاقات ہوگی۔
ریلی کے ساتھ روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں خود لاہور کے شہریوں کو دعوت دینے نکلی ہوں کہ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں، لاہور کے شہریوں سے کہنے جارہی ہوں کہ فیصلے کا وقت آ گیا ہے کہ اس جابر، نااہل اور نالائق حکومت سے جان چھڑوائی جائے۔یہ حکومت اب نہیں چل سکتی، اللہ یہ وقت کسی کو نہ دکھائے کہ ڈھائی سال تک این آر او نہ دینے کی باتیں کرنے والے عمران خان خود ہاتھ جوڑ کر پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہے ہیں۔
Comments are closed.